بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ فائنانشل ٹائمز نے "How Israel lost America" کے عنوان سے ایک مضمون شائع کیا ہے جس کا خلاصہ درج ذیل ہے:
اسرائیل کے تئیں روایتی امریکی حمایت کمزور پڑ گئی ہے:
اسرائیل کے لئے امریکہ کی روایتی اور دو جماعتی حمایت شدید کمزور ہو گئی ہے۔ غزہ کی جنگ اور ایران کے خلاف جارحیت کے نتائج نے امریکی رائے عامہ کو اسرائیل کے خلاف کر دیا ہے اور تل ابیب کو واشنگٹن کی فوجی امداد جاری رکھنے کی مخالفت کو عام کر دیا ہے۔ امریکہ کے سابق سینئر سفارت کار ڈینس راس کے مطابق، اب 60 فیصد امریکی، اسرائیل اور اس کی پالیسیوں کے مخالف ہیں۔
نیتن یاہو نے واشنگٹن کو ایک مہنگی جنگ میں دھکیل دیا:
بہت سے امریکیوں کا خیال ہے کہ نیتن یاہو نے واشنگٹن کو ایران کے ساتھ ایک مہنگی جنگ میں دھکیل دیا ہے جس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہؤا ہے اور امریکہ کے لئے اس تنازع سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔
اس جنگ سے عدم اطمینان بھی، ضمنی انتخابات میں ریپبلکن کی شکست کے عوامل میں سے ایک تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ، جے ڈی وینس اور ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
نیتن یاہو کی تزویراتی غلطی اور 'ایک پارٹی' کی قربت حاصل کرنا!
نیتن یاہو کی ریپبلکن کے قریب ہونے اور ڈیموکریٹ حکومتوں کی مخالفت کی پالیسی، خاص طور پر 2015 میں ایران کے جوہری معاہدے کی کھلی مخالفت، نے اسرائیل کے لئے 'دو جماعتی حمایت' کی روایتی پالیسی کو کمزور کر دیا ہے۔
آئ-پیک (یہودی-اسرائیلی) لابی نے بھی ضمنی مدتی انتخابات میں تقریباً 70 ملین ڈالر خرچ کر دیئے لیکن اس کے اپنے حمایت یافتہ کچھ یپبلکن امیدواروں کی تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے امریکہ میں اسرائیل کی حمایت کی سیاسی لاگت میں زبردست اضافہ ہؤا۔
صہیونی، دراڑ پُر کرنے کے لئے کوشاں:
اسرائیل کے کچھ سابق حکام کا خیال ہے کہ تل ابیب میں نئی حکومت کی تشکیل اور واشنگٹن کے حوالے سے رویئے میں تبدیلی اس دراڑ کا کچھ حصہ پُر کر سکتی ہے: آبادکاری کی توسیع روکنا اور امریکہ کی دونوں جماعتوں کے ساتھ تعلقات بحال کرنا مجوزہ اقدامات میں شامل ہیں؛ تاہم غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔
نکتہ:
ان ساری باتوں کے باوجود، بعید از قیاس نہیں ہے کہ یہ بھی نورا کشتی کی ایک قسم ہو کیونکہ صہیونی اور امریکی سیاسی اشرافیہ کے مطابق، امریکہ اور اسرائیل کا تعلق روح اور جسم جیسا تعلق ہے اور ان کی جدائی سے اسرائیل کا خاتمہ ہو سکتا ہے اور امریکہ کو بھی مغربی ایشیا میں اپنی بالادستی کھونا پڑتی ہے۔ گوکہ بہت سے تجزیہ کار کہتے ہیں کہ یہ دو جدا تو نہیں ہونگے لیکن ان میں سے ایک کا خاتمہ ضرور ہوگا جو عقل کے فیصلے کے مطابق ناجائز اسرائیلی رجیم ہے اور یقینا امریکہ کو بھی مغربی ایشیا سے نکلنا پڑے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترتیب و ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ